Introduction

تعارف مجلس فیضان قرآن

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عزوجل تبلیغ قرآن و سنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی نے زندگی کے ہر شعبے میں نیکی کی دعوت کو عام کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ تادمِ تحریر دنیا کے تقریباً66ممالک میں اس کا مدنی پیغام پہنچ چکا ہے اور مزیدسفر جاری ہے ۔ دعوت ِ اسلامی سنتوں کی خدمت کے تقریباً 30شعبوں میں کام کررہی ہے ۔جہاں مختلف شعبوں میں مدنی کام ہورہاہے وہاں الحمد للّٰہ عزوجل جیل خانوں میں بھی مجلس فیضانِ قرآنکے تحت مدنی کام جاری ہے ۔

اس مجلس کے قیام کا مقصد جیل خانوں سے وابستہ افراداورقیدیوں کی مدنی تربیت کرنا اور انہیں معاشرے کا ایسا باکردارفرد بنانا ہے جس کا یہ ذہن ہوکہ مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے (ان شاء اللّٰہ عزوجل) ۔ اصلاح کے اسی مقدس جذبے کے تحت پاکستان کی کئی جیلوں میں دینی و اصلاحی کام کا سلسلہ ہے۔
مجلسِ فیضانِ قرآن کے تحت جہاں قیدیوں کامدنی ذہن بنانے کےلئے انہیں تعلیم قرآن(حفظ وناظرہ)،نماز، تجوید کورس، شریعت کورس، امامت کورس ، ترجمہ و تفسیر کورس ،مدرّس کورس، ، عربی لینگویج کورس کرانے کی بتدریج ترکیب جاری ہے ،وہیں دنیاوی طور پر معاشی استحکام کیلئے کمپیوٹر کورس ، ٹیکنیکل کورس کروانے کی بتدریج کوشش بھی کی جارہی ہے تاکہ گناہوں سے نفرت اور نیکیوں سے محبت بھی پیدا ہو اور قیدی جیل سے رہائی پانے کے بعد اپنے قدموں پر کھڑے بھی ہوسکیں اور معاشرے کے ذمہ دار باکردار اور باوقار افراد بن کر زندگی گزارسکیں۔

یہ بات کسی سے مخفی نہیں ہے کہ جیل میں ایسے لوگوں کی کثرت ہوتی ہے جو عموماًقرآن و سنت کی تعلیم سے بے بہرہ ہوتے ہیں،اسی وجہ سے نفس وشیطان کے بہکاوے میں آکر قتل و غارت ، فائرنگ، دہشت گردی،توڑ پھوڑ، چوری، ڈکیتی، زناکاری، منشیات فروشی، جوا اور نہ جانے کیسے کیسے جرائم میں مبتلا ہوکربالآخر جیل کی چار دیواری میں مقیّد ہوجاتے ہیں ۔
مجلس فیضانِ قرآن(دعوتِ اسلامی) کی یہی کوشش ہے کہ ان قیدیوں میں اچھے اخلاقیات و نظریات فروغ پائیں ،تقویٰ و پرہیزگاری کے انوار جگمگانے کے ساتھ ساتھ خوفِ خدا عزوجل و عشق ِ مصطفی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلَّم کی شمع فروزاںہو ، نیز غیر مسلموں کو احسن انداز میں دعوت ِ اسلام پیش کرکے مسلمان کیا جاسکے۔اس سلسلے میں مجلس فیضانِ قرآن کو متعدد جیلوں میں اللہ عزوجل کے فضل وکرم سے شاندارکامیابی حاصل ہوئی ہے۔